6 دسمبر 2016 - 13:17
امریکی فضائیہ کی وزیر: روس امریکا کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے

امریکی فضائیہ کی وزیر کا کہنا ہے کہ روس کی دفاعی طاقت میں اضافہ امریکا کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکی فضائیہ کی وزیر ڈیبورا جیمز نے کلیفورنیا میں ایک سالانہ دفاعی نشست میں تقریرکرتے ہوئے روس پر الزام لگایا کہ اس نے امریکا کے خلاف سائبر حملہ کیا ہے اور اس کی دفاعی طاقت امریکہ کے لئے سب سے بڑا خطرہ بنتی جارہی ہے انہوں نے کہاکہ روس امریکا کے لئے پہلے نمبر کا خطرہ ہے، ہمارے سامنے بہت سے خطرات ہیں لیکن روس اپنی ایٹمی توانائی کی وجہ سے امریکا کے لئے ایک نمبر کا خطرہ ہے-

انہوں نے پچھلے دنوں امریکا اور روس کے جنگی طیاروں کی صف آرائی کو انتہائی تشویشناک بتایا اور کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ہی ممالک اس قسم کے واقعات سے بچنے کے لئے جن کے نتیجے میں جنگ بھی ہوسکتی ہے مذاکرات کریں - اس کانفرنس میں امریکا کے دیگر دفاعی عہدیداروں نے بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا -

امریکا کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل ڈینفور نے بھی کہا کہ روس ، نیٹو کے دائرے کو محدود کرنے اور عالمی سطح پر امریکا کی قوت کے اظہار کو روکنے کی کوشش کررہا ہے - امریکی بحریہ کے آپریشنل کمانڈر جان ریچرڈسن نے بھی کہا ہے کہ روس کے ساتھ مذاکرات کی اہیمت ، ہر دور سے زیادہ بڑھ گئی ہے-

.......

/169